ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاویری مسئلے پر مودی کی خاموشی کے خلاف کارپوریٹروں کا احتجاج

کاویری مسئلے پر مودی کی خاموشی کے خلاف کارپوریٹروں کا احتجاج

Sat, 24 Sep 2016 11:22:23    S.O. News Service

بنگلورو23؍ستمبر(ایس او نیوز)کاویری آبی تنازعہ میں مداخلت کرکے اسے سلجھانے کی بجائے وزیر اعظم مودی کی طرف سے خاموشی اپنائے جانے کے خلاف آج شہر میں بی بی ایم پی کے کانگریس کارپوریٹروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس معاملے میں وزیراعظم کی خاموشی اور ریاست کی نمائندگی کرنے والے تین مرکزی وزراء کی طرف سے کاویری کے متعلق حقائق سے مودی کو آگاہ کرانے میں ناکامی کے خلاف یہ احتجاج کیاگیا۔ کیمپے گوڈا مجسمے کے روبرو ہوئے احتجاج کی قیادت شہر کے میئر منجوناتھ ریڈی نے کی۔ احتجاج میں کانگریس کارپوریٹروں نے وزیر اعظم پر زور دیا کہ وہ اس تنازعہ کو سلجھانے کیلئے بلاتاخیر مداخلت کریں ۔ مودی اور ریاست کے تین مرکزی وزراء کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے احتجاجی کارپوریٹروں نے بی جے پی پر سیاسی عزم کے فقدان کا شکار ہونے کا الزام لگایا۔ احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے میئر نے کہاکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ریاست کیلئے خطرناک نتائج کا حامل ہوسکتا ہے۔ ریاستی حکومت نے عدالت کے فیصلے پر عمل نہ کرتے ہوئے جو فیصلہ کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کی طرف سے تملناڈو کے حق میں فیصلہ سنائے جانے کے پیچھے مرکزی حکومت کار فرما ہے۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا کی طرف سے طلب کی گئی کل جماعتی میٹنگ سے بی جے پی کی غیر حاضری اس کی تصدیق کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کاویری مسئلے پر جب ریاست کا گوشہ گوشہ جل رہا ہے تو بی جے پی سیاسی ناٹک میں لگی ہوئی ہے۔ بی جے پی ریاست بھر خصوص کاویری طاس کے عوام کے ساتھ دغا کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ کاویری اور مہادائی کے مسئلے پر کانگریس حقیقی احتجاج کررہی ہے تو دوسری طرف بی جے پی محض اقتدار کیلئے جدوجہد میں مصروف ہے۔کل جماعتی اجلاس میں سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا اور سابق وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کی سرگرم شرکت پر تمام کارپوریٹروں نے انہیں مبارکباد دی۔ اور کہاکہ ریاست کے مفادات کی حفاظت میں جنتادل (ایس) اور کانگریس نے مل کر جو جدوجہد کی ہے اس کا تقابل کسی سے نہیں کیاجاسکتا۔احتجاج میں کانگریس کے سبھی 76 کارپوریٹروں نے حصہ لیا۔احتجاجیوں سے ٹیکس اینڈ فائنانس کمیٹی چیرمین شیوراج ، کارپوریٹرس جی پدماوتی ، ایم کے گنا شیکھر ، حکمران پارٹی لیڈر آر ایس ستیہ نارائنا ، موہن کمار وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔


Share: